چین کے شہریوں کیلئے 14 اگست کے بعد ویزا مفت ہوگا، وزیراعظم

1 Aug, 2024 | 11:23 PM

ویب ڈیسک : وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چین کے شہریوں کےلیے 14 اگست کے بعد ویزا مفت ہوگا، مشترکہ منصوبوں کے ذریعے چینی صنعت کی پاکستان منتقلی فائدہ مند ثابت ہوگی۔

 چین کے اعلیٰ سطح کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں چینی شہریوں کی فول پروف سیکیورٹی کےلیے موثر اقدامات کیے ہیں، بشام واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے گی ،وزیراعظم نے کہا کہ چینی وفد کے دورے سے سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا، یقین ہے چینی وفد کا دورہ پاکستان مفید ثابت ہوگا،سربراہ چینی وفد وانگ فوکانگ نے کہا کہ تکنیکی تعاون سے پاک چین اسٹریٹجک تعلق مزید مضبوط ہوگا، مثالی مہمان نوازی پر پاکستان کے مشکور ہیں۔

 وزیراعظم شہباز شریف سے وانگ فوکانگ کی سربراہی میں 12 رکنی چینی وفد نے ملاقات کی، جس میں وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء محسن نقوی، احسن اقبال محمد اورنگزیب، احد چیمہ، معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے،چینی سفیر جیانگ زائیڈونگ اور متعلقہ اعلیٰ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے، چینی وفد وزیراعظم کے دورہ چین کے بعد مختلف شعبوں میں تعاون، اشتراک کیلئے آیا ہوا ہے، 12 رکنی چینی وفد میں 10 مختلف وزارتوں کے نمائندے شریک ہیں ،وزیراعظم نے چینی قیادت صدر شی جن پنگ، پریمیئرلی چیانگ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے وفد کا خیر مقدم کیا۔

 چینی ماہرین کا وفد پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کیلئے اپنی تجاویز پیش کرے گا، وفد سی پیک کے دوسرے مرحلے میں تعاون اور پاکستان کی برآمدات بڑھانے پر بھی تجاویز دے گا، چینی وفد پاکستان میں وزارتوں، شعبے کے ماہرین سے ملاقاتیں اور مختلف جگہوں کا دورہ کرے گا۔

مزیدخبریں