طوفان میں پولٹری ٹرکوں میں پھنسی لاکھوں مرغیوں پر قیامت بیت گئی

1 Aug, 2024 | 02:56 PM

وسیم عظمت:  لاہور میں آج صبح غیر معمولی بارش سے انسانوں کے ساتھ جانور بھی بری طرح متاثر ہوئے۔ پولٹری فارمز سے قصابوں کو سپلائی کی جانے والی مرغیاں بارش سے بچاؤ کے ناقص انتظام کے باعث کئی گھنٹے بارش میں پھنسی رہیں۔

  صبح بارش شروع ہوئی تو اس وقت لاہور اور گرد و نواح مین زندہ چکن دوکانوں پر سپلائی کرنے والی سینکڑوں گاڑیاں لاکھوں برائلر مرغیوں سے لدی ہوئی سڑکوں پر تھیں۔ یہ مرغیاں شدید بارش میں بری طرح ٹھٹھر گئیں اور کئی کمزور مرغیاں مر بھی گئیں۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق آج صبح ساڑھے چار اور بعض علاقوں مین اس کے کچھ دیر بعد  بارش شروع ہوئی تو اس وقت پولٹری فارمز اور ہول سیل مارکیٹ سے  لاہور شہر کے تمام علاقوں اور مضافات میں قصاب کی دوکانوں پر زندہ چکن فراہم کرنے والے سینکڑوں ٹرک سڑکوں پر موجود تھے۔ ان ٹڑکوں میں لدی ہوئی لاکھوں مرغیاں آج صبح  تین گھنٹے تک رہنے والے شدید طوفان کی زد میں رہیں۔ 

مرغی سپلائی کرنے والے ٹرکوں میں سینکڑوں چھوٹے پنجے عقبی حصہ میں نصب ہوتے ہیں جو چاروں طرف سے کھلے ہوتے ہیں۔ اکثر ٹرکوں کے ساتھ موجود سٹاف کے پاس بارش سے پرندوں کو بچانے کے لئے ناکافی پولیتھین شیٹس تھیں جو طوفان کے دوران ہوا کے زور کا سامنا نہیں کر سکیں اور  پنجروں میں موجود مرغیوں کو بارش سے تحفظ دینے کے لئے ناکافی ثابت ہوئیں۔ 

 شدید بارش کے دوران مرغیوں سے لدے ٹرک مقامی قصابوں کی دوکانوں پر رک کر بارش میں کھڑے ہو کر مرغیوں کو اپنے پنجروں سے وزن کرنے والے پنجروں میں  اور وہاں سے قصابوں کے پنجروں مین منتقل کرتے رہے۔ قصابوں کے پنجروں میں بھی مرغیوں کو بارش سے پناہ نہ مل سکی۔ 

بارش سے بچانے کے ناکافی انتظام کے باعث چند گھنٹے بعد ذبح ہو جانے کے لئے لائی  گئی مرغیوں کی زندگیوں کا آخری دن شدید مشکل میں گزرا۔ 

آج صبح بارش میں پھنسی مرغیوں کی حالت دیکھنے والے شہریوں نے حکومت سے  اپیل کی ہے کہ پولٹری سپلائرز کو پابند کیا جائے کہ وہ  بارش اور دیگر موسمی اثرات سے مرغیوں کو بچانے کے لئے مناسب انتظامات کر کے سپلائی کیلئے نکلا کریں۔

مزیدخبریں