ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

مون سون بارش کا ہیوی سپیل جاری، 44 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، رین ایمرجنسی نافذ

مون سون بارش کا ہیوی سپیل جاری، 44 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، رین ایمرجنسی نافذ
کیپشن: rain in punjab
سورس: web desk
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

کومل اسلم/عمران یونس/شاہد سپرا: بعد نماز فجر سے شروع ہونے والی موسلادھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا، لاہور ائیرپورٹ پر سب سے زیادہ 337 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ نشتر ٹاؤن میں 250 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سےآنے والی مون سون ہوائیں لاہور میں داخل ہوچکی ہیں،موسلادھار بارش کے باعث موسم خوشگوار،گرمی کو بریک لگ گئی،حبس اور گرمی کے ستائے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا، بارش کے پیش نظر واسا حکام کو الرٹ جاری کر دیاگیا،شہریوں کو دوران سفر احتیاط کی ہدایات کر دی گئیں،
آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران درجہ حرارت 27 تک ریکارڈ کیا جائے گا۔

لاہور میں تیز ہواؤں کے ساتھ شروع ہونے والی موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، مال روڈ، فیروزپور روڈ، ماڈل ٹاؤن، فیصل ٹاؤن ، لکشمی چوک اور انارکلی سمیت دیگر علاقوں میں شدید بارش ہوئی۔

لاہور میں سب سے زیادہ ایئرپورٹ پر 337 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، پانی والا تالاب میں 203 جبکہ لکشمی چوک میں 191 ، اپرمال میں 182، مغلپورہ میں 173، تاجپورہ میں 180، نشترٹاؤن میں 227، چوک ناخدا میں 163 ملی میٹر بارش ہوئی،شدید بارش سے شہر کے نشیبی علاقے اور اہم شاہراہیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگی ہیں، بارش سے نظام زندگی بھی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔

پنجاب

پنجاب کے دیگر شہروں گجرات، گوجرانوالہ، وزیرآباد سمیت کئی مقامات پر بھی موسلادھار بارش سے حبس کا زور ٹوٹ گیا،بادل برسنے سے کئی شہروں میں متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے جس کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے،سڑکیں،گلیاں،نشیبی علاقے ندی نالے بن گئے،کئی نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔
ہرطرف پانی پانی ہونے سے لوگ دفاتر سے لیٹ ہوگئے،سڑکوں پر آنے والی گاڑیاں اور موٹرسائیکل بند،شہری گاڑیوں کو دھکےاور موٹرسائیکلوں کو گھسیٹ کرچلانے لگے،جگہ جگہ پانی جمع ہونے سے رکشے والے بھی نخرے کرنے لگے،رکشہ ڈرائیورزشہریوں سے منہ مانگے دام مانگ کر منزل پر پہنچانے میں مصروف ہیں۔

حجاز ہسپتال گلبرگ کے علاقے میں پانی جمع ہے،شارٹ سرکٹ سے ٹرانسفارمر جل گیا،حجاز ہسپتال کے قریب ایک درخت گرگیا،استنبول چوک جانب جی سی اور نیلا گنبد پانی جمع ہوگیا،شوق چوک،جناح ہسپتال،اکبرچوک ، ظہور الہی روڈ ،حالی روڈ ،چھوٹا قذافی چوک،شاہدرہ ،چوک شہاب الدین جانب ونڈالہ،لوہاری سے بھاٹی چوک دونوں اطراف بارش کے باعث تالاب کا منظربن چکا ہے۔
2 موریہ پل دونوں اطراف،شیرانوالہ جانب کشمیری گیٹ،جوہر ٹاون جی ون مارکیٹ سے ایکسپو تک بارش کےپانی نے ڈیرے لگا لئے ہیں، بارش کے باعث ریلوے اسٹیشن پلیٹ فارم نمبر 2اور ٹریک پانی سے بھرگیا،نشترٹاؤن،گجومتہ،فیروز پورروڈ تالا ب بن گئے،ٹاؤن شپ،گرین ٹاؤن،کوٹ لکھپت،ہمدرد چوک میں پانی جمع ہوگیا۔

موسلا دھار بارش کے بعد الحمد کالونی علامہ اقبال ٹاون بارشی پانی میں ڈوب گئی،پانی علاقہ مکینوں کے گھروں میں داخل ہوگیا،علاقہ مکینوں کا قیمتی گھریلو سامان بارش کی نذرہوگیا،الحمدکالونی،علاقے میں 3، 3 فٹ پانی جمع ہوگیا،علاقہ مکینوں کی گاڑیاں اور موٹرسائیکلز بھی پانی میں ڈوب گئیں،2 سال قبل کروڑوں روپے سے نئے سیوریج اور ڈرینج سسٹم ڈالے گئے تھے۔

شہر میں موسلا دھار بارش، لیسکو کا ترسیلی نظام شدید متاثر ہو گیا،لیسکو کے 400 سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے،فیڈرز ٹرپ کرنے سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، لاہور میں موسلادھار بارش سے سروسز ہسپتال کی ایمرجنسی میں پانی جمع ہو گیا، ہسپتال کی ایمرجنسی میں بارش کا پانی جمع ہونے سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہوں پر اکثر مقامات پر وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، موٹروے ایم 2 پر پنڈی بھٹیاں، شیخوپورہ، کالا شاہ کاکو اور ٹھوکر نیازبیگ تک بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کے علاوہ مانگا منڈی، پتوکی، رینالہ خورد اور اوکاڑہ کے مقامات پر بارش ہو رہی ہے جبکہ موٹر وے ایم 3 پر فیض پور سے ننکانہ صاحب تک بارش ہے۔

محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ لاہور میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، اور مون سون بارشوں کا سلسلہ 6 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔