بابر شہزاد تُرک:سینئربیوروکریٹ ملک امجد ٹوانہ کو چیئرمین ایف بی آر تعینات کر دیا گیا۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ان کے تقرر کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ملک امجد زبیر ٹوانہ کو سیکرٹری، ریونیو ڈویژن کا اضافی چارج بھی تفویض کیا گیا ہے۔
ملک امجد زبیر ٹوانہ اِن لینڈ ریونیو سروس کے گریڈ 21 کے افسر ہیں۔وہ ممبر اِن لینڈ ریونیو آپریشنز ایف بی آر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد تھے۔ ان کا تقرر سول سرونٹس ایکٹ 1973 کے سیکشن10 کے تحت کیا گیاہے۔ انہیں سیکرٹری، ریونیو ڈویژن کا اضافی چارج 3 ماہ کیلئے تفویض کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گریڈ 22 کے متعدد سینئر افسران کو نظر انداز کرکے گریڈ 21 کے افسر ملک امجد زبیر ٹوانہ کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا چیئرمین تعینات کیاگیاہے۔ ملک امجد زبیر ٹوانہ ممبر انکم ٹیکس پالیسی کے طور پرخدمات سرانجام دے رہے تھے۔ذرائع کے مطابق 20 سے 30 سینئر افسران کو نظر اندازکرکے چیئرمین ایف بی آرکے عہدے پر ملک امجد زبیر ٹوانہ کی تعیناتی کی گئی ہے۔گریڈ 22 کے ڈی جی انٹیلی جنس فیض احمدچدھڑ ، ممبر ایڈمن ندیم رضوی ،ممبر کسٹمز زیباحئی، مکرم جاہ سمیت دیگر سنیارٹی لسٹ میں شامل تھے لیکن وفاقی حکومت نے ملک امجد زبیر ٹوانہ کو موجودہ معاشی حالات کے دوران ایف بی آر کے چئیرمین کی پوسٹ پر تعینات کرنا زیادہ مناسب سمجھا۔