(ویب ڈیسک) پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں کی منظوری کا دوسرا مرحلہ رواں ہفتے سے شروع کرنے کا فیصلہ، جنوبی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین کے استعفے منظور کئے جائیں گے۔
تفصیلات کےمطابق سپیکر قومی اسمبلی آج قومی اسمبلی میں قانونی و آئینی ماہرین کے علاوہ حکمران اتحاد سے مزید مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے ، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی طرف سے تحریک انصاف کے مزید 11اراکین کے استعفے منظور کئے جانے کا قوی امکان ہے، جنوبی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین کے استعفے منظور کئے جائیں گے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق مالا کنڈ اور لیہ سے تعلق رکھنے والے اراکین سمیت دیگر کے استعفے منظور کئے جانے کا پلان ہے، مخصوص نشستوں پر بھی کچھ خواتین اراکین کے استعفے بھی منظور کئے جائیں گے ، تاحال عمران خان، شاہ محمود قریشی ، اسد عمر، مراد سعید سمیت پی ٹی آئی کی مرکزی لیڈر شپ کے استعفے منظور نہیں کئے گئے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے 11 ارکان کو ڈی نوٹیفائی کردیا تھا،جن ارکان کے استعفے منظور کیے گئے ہیں ان میں علی محمد خان، فضل محمد خان، شوکت علی، فخر زمان خان، فرخ حبیب، اعجاز شاہ، جمیل احمد خان، اکرم چیمہ ، شیریں مزاری، شاندانہ گلزار اور عبدالشکور شاد شامل ہیں۔