زندہ دلان لاہوریوں نے باربی کیو پارٹیز سجالیں

1 Aug, 2020 | 11:41 PM

Arslan Sheikh

( سعید احمد سعید ) دہکتے کوئلے، انگیٹھی اور تکوں کی بھینی بھینی خوشبو، زندہ دلان لاہور کی جانب سے عیدالضحیٰ کے پہلے روز سے ہی باربی کیو پارٹیوں کا سلسلہ شروع، رات ہوتے ہی باربی کیو محفلیں جم گئیں، کورونا وائرس سے اکتائے دوستوں نے گپ شپ لگانے کیلئے بار بی کیو پارٹیاں سجالیں۔

تفصیلات کے مطابق عید قربان کے پہلے روز مصروف دن گزارنے کے بعد شام ہوتے ہی لاہور میں دوست احباب نے تکہ پارٹیاں سجا لیں۔ گھروں کی چھتوں پر سیخیں، انگیٹھیاں اور کوئلے اکٹھے کر لئے۔ مصالوں میں گوشت تیار کرکے تکہ بوٹی لگانے کے ساتھ ساتھ محفلیں جما لیں۔

باربی کیو پارٹی میں شریک شہریوں کا کہنا ہے کہ کورونا اور لاک ڈاؤن کے باعث بہت دنوں سے محفلیں نہیں جم رہی تھیں، عید نے یہ موقع دیا ہے تو ہاتھ سے کیوں جانے دیا جائے۔

باربی کیو پارٹیوں میں شریک زندہ دلان لاہور کا کہنا تھا کہ کھابوں کے شوقین لاہوریے ایسے موقع کی تلاش میں ہوتے ہیں، عید کے دوسرے روز کیلئے بھی دعوتوں کے پلان بنا لئے ہیں۔

دوسری جانب ران روسٹ کی دکانوں پر کھانے کے شوقین افراد کا رش لگ گیا، ران روسٹ کرنے والے دکانداروں کی چاندی ہوگئی۔ ایک ران روسٹ کرنے لئے کسٹمرز کو چوبیس گھنٹے کا وقت دیا جارہا ہے۔

شہریوں نے ران روسٹ کروانے کیلئے اپنی باری کا انتظار کیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بکرا عید پر ران روسٹ نہ کھائیں توعید کا مزہ نہیں آتا اور روسٹ ران کھانے سے منہ کا ذائقہ بھی چٹ پٹا ہو جاتا ہے۔ 

مزیدخبریں