عید الضحیٰ، انتظامیہ کا صفائی آپریشن جاری

1 Aug, 2020 | 10:57 PM

Arslan Sheikh

 (عثمان علیم، درنایاب ) عید الضحیٰ کے پہلے روز ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے لکھو ڈیر لینڈ فل سائٹ پر شہر بھر سے اکٹھی ہونے والی آلائشوں کی تلفی کا عمل جاری، اب تک نو ہزار ٹن آلائشوں کو تلف کیا جاچکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق عید کے تینوں دن آلائشوں کی ڈمپنگ اور صفائی ستھرائی یقینی بنانے کے لیے جامع پلان بنایا گیا ہے۔ شہرمیں پانچ مقامات پر ڈمپنگ سائٹس بنائی گئی ہیں، جن میں لکھو ڈھیر، محمود بوٹی، سگیاں، ٹبہ اور سندر شامل ہیں، جہاں آلائشیں منتقل کرنے کے لیے 3400 گاڑیاں تین روز کام کریں گی، نو زونز کے عملے کی ڈمپنگ سائٹس پر مانیٹرنگ کے لیے ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں۔

ڈمپنگ کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی کے ہیڈ آفس میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، جہاں تین شفٹوں میں مانیٹرنگ کے لیے عملے کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں۔ شہر میں 119 مقامات پر کولیکشن پوائنٹس بنائے گئے ہیں، جہاں آلائشوں کو اکٹھا کر کے ایک ہزار 22 ڈمپر،186 لوڈر، 266 ٹرالیاں اور 356 ایکسویٹرز کی مدد سے ڈمپنگ سائٹس پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔

شہر میں اجتماعی قربانی کے لیے 196 قربان گاہیں بنائی گئی ہیں، جہاں سے آلائشیں ڈمپنگ سائٹس پر منتقل کرنے کے لیے 62 لوڈرز اور151 ٹرالیوں کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں۔

شہریوں کی سہولت، آلائشوں اور صفائی ستھرائی سے متعلق شکایات کا اندراج کرانے کے لیے یو سی سطح پر 293 کیمپس لگائے گئے ہیں، جہاں ایل ڈبلیو ایم سی کا سٹاف شکایات کے ازالے کےلیے موجود ہے۔

سینئرمینجر لینڈ فل سائٹ حامد زمان کا کہنا ہے کہ ساٹھ فٹ گہری کھدائی کرکے آلائشوں کو دفن کیا جارہا ہے۔ پہلے روز کی آلائشوں کو ہر صورت رات دس بجے سے پہلے تلف کردیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کہ گڑھوں کو آلائشوں سے بھر کر مٹی ڈال کر بند کردیا جائے گا جبکہ عید کے تینوں روز آلائشوں کو تلف کرنے کے انتظامات مکمل ہیں۔

مزیدخبریں