جنیدریاض: ملک بھرمیں عیدالضحی کے موقع پرسنت ابراہیمی کی ادائیگی کے بعد مزے مزے کے پکوانوں کی تیاری جاری ہے،گھروں میں مٹن کڑاہی، کلیجی اور چانپیں پکائی جارہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت دنیا بھرمیں فرزندان اسلام نےعید الضحی کی ادائیگی کے بعد سنت ابراہیمی ادا کی، جس کے بعد ہر گھر میں مزے مزے کے پکوان تیار کیے جارہے ہیں، پہلے روز خواتین نے گھروں پر کلیجی تیار کی اور ساتھ میں بچوں کی فرمائش پر مٹن کڑاہی، چانپ گوشت اور تکہ بوٹی بھی بنائی، خواتین کا کہنا ہےکہ عید کے پہلے روز گھروں میں زیادہ تر کلیجی پسند کی جاتی ہے۔
فیملی ممبرز کا کہنا ہے کہ عید قربان پر بازاری چٹ پٹے کھانوں کی بجائے گھر پرتیار کردہ روایتی کھانوں کا رواج بڑھ گیا ہے، عید قرباں کے موقع پرقربانی کے گوشت سے انواع و اقسام کےپکوان تیار کرکے شہری خوب لطف اندوزہورہےہیں۔
حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد میں لاہور.سمیت ملک بھر میں آج عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے،نماز عید کے بعد فرزندان اسلام سنت ابراہیمی میں مصروف ہیں۔
ملک بھر کی طرح لاہور.کے مختلف مقامات پر بھی نماز عید کے روح پرور اجتماعات ہوئے، جس میں علمائے کرام نے فلسفہ قربانی کی اہمیت کواجاگر کیا، مساجد، عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے اجتماعات میں ملک کی ترقی و خوشحالی اور کورونا سے نجات کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں،اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔