عیدالاضحیٰ، وزیراعلیٰ پنجاب نے عوام سے بڑی اپیل کردی

1 Aug, 2020 | 11:37 AM

Sughra Afzal

مال روڈ(علی اکبر ) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے عید الاضحیٰ کے موقع پر پاکستانی قوم کو مبارکباد دی ہے، انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کورونا کے باعث عید الاضحیٰ سادگی کے ساتھ منانا ہمارا قومی فریضہ ہے۔

  وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں انسداد کورونا کے اقدامات باآور ثابت ہو رہے ہیں تا ہم احتیاط کا دامن نہیں چھوڑنا۔،عید پر ماسک ضرور پہنیں اور ہاتھوں کو بار بار دھوئیں اور یاد رکھیں یہ صرف آپ کا ہی نہیں بلکہ آپ کے پیاروں کی زندگی کا معاملہ ہے۔کورونا کے باعث شہید ہونے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں، عید الاضحی قربانی، ایثار اورخوشیاں بانٹنے کا تہوار ہے، اپنے ارد گرد سفید پوش افراد کی مدد کر کے اللہ تعالیٰ کو راضی کیجئے، ہمیں عید قربان پر جھوٹ، منافقت اور غیبت کو ہمیشہ کیلئے قربان کرنے کا عہد کرنا ہو گا۔

انہو ں نے کہا کہ ہمیں آج وطن کی حفاظت کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کو بھی یاد رکھنا ہے،  شہداء کے اہل و عیال کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنا ہماری اجتماعی قومی ذمہ داری ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے عوام سے عید الاضحیٰ سادگی سے منانے او ر کورونا ایس او پیز پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ایک بیا ن میں کہا کہ میں خود بھی کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کروں گا اور سادگی کے ساتھ عید مناؤں گا۔انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس کے اثرات کم ہوئے ہیں مگراب بھی احتیاط بے حد ضروری ہے، شہری عیدپر سماجی فاصلہ برقرار رکھیں ۔کورونا کے مکمل خاتمے کے لئے ہر فرد کو سماجی ذمہ داری نبھانی ہوگی، احتیاط کریں اور کورونا سے بچیں، اسی میں بھلائی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہاہے کہ کورونا  کے دوران منفی سیاست کرنے والوں کو منہ کی کھانا پڑی لہذا اس ہزیمت کے بعد کورونا پرپوائنٹ سکورنگ کرنے والے اپوزیشن رہنماؤں کو جھوٹ کی سیاست سے توبہ کر لینی چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کی انسداد کورونا پالیسی کامیاب رہی اور سمارٹ لاک ڈاؤن کے باعث کورونا کا پھیلاؤ روکنے میں مدد ملی ہے اور عالمی سطح پر بھی وزیر اعظم عمران خان کے انسداد کورونا ویژن کو سراہا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کے پاس کوئی حکمت عملی ہے نہ کوئی ایجنڈا،پاکستانی عوام میں اپوزیشن رہنماؤں کی ساکھ ختم ہو چکی ہے، بلند و بانگ دعوے کرنے والے اپوزیشن رہنماؤں نے عملی طور پر کچھ نہیں کیا، اپوزیشن جماعتیں خود بھی تنہا ہو چکی ہیں اور عوام کو بھی تنہا چھوڑ چکی ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے بروقت اور دور اندیش فیصلے کئے ہیں جبکہ اپوزیشن رہنماؤں نے کورونا کے باوجود قومی اتحاد اور یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی ہدایت پر صوبہ بھر میں 5اگست کو ''یوم استحصال کشمیر'' منایا جائے گا،وزیراعلیٰ آفس سے گورنر ہاؤس تک ریلی نکالی جائے گی، وزیراعلیٰ عثمان بزدار ''یوم استحصال کشمیر''ریلی کی قیادت کریں گے۔

مزیدخبریں