( شہباز علی ) پاکستان کرکٹ بورڈ کی سینٹرل کنٹریکٹ کمیٹی کے پہلے اجلاس میں کھلاڑیوں کی تعداد اور مراعات کا جائزہ لیا گیا، دوسری جانب پی سی بی نے نئے ڈومیسٹک سٹرکچر کے لئے ٹیموں کی تشکیل پر کام کا آغاز کردیا۔
پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی کا اجلاس ایم ڈی وسیم خان کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی تعداد کم کرنے اور موجودہ مراعات کا جائزہ لینے پر اتفاق کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں کھلاڑیوں کی ابتدائی فہرست پر بھی غور کیا گیا جس کے بعد سابق کپتان محمد حفیظ اور شعیب ملک کی کنٹریکٹ تنزلی کا قوی امکان ہے۔ ٹیم میں شامل سابق کپتان کو اے کیٹیگری میں شامل کرنے کی شق کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ تینوں فارمیٹس کے کپتانوں کو اے کیٹیگری میں شامل کرنے پر بھی اتفاق ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی کے اراکین نے سینٹرل کنٹریکٹ کو حتمی شکل دینے سے قبل تمام کھلاڑیوں کی دوبارہ کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا جبکہ نئے چیف سلیکٹر کی تعیناتی کے بعد ان سے بھی کھلاڑیوں کے ناموں پر مشاورت کی جائے گی۔ پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے اجلاس کے بعد دوبارہ سینٹرل کنٹریکٹ کمیٹی کا اجلاس بلایا جائے گا۔
دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے ڈومیسٹک کرکٹ سٹرکچر کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی ٹیموں کی تشکیل کے کام کا آغاز کردیا ہے۔ اس سلسلے میں قومی سلیکشن کمیٹی کے سابق اراکین، اکیڈمی کوچز اور جونئیر ٹیم کے کوچز کا مشاورتی اجلاس نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہوا جس میں ٹیموں کی ابتدائی تشکیل پر غور کیا گیا۔