علی رامے : نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ہربنس پورہ میں مفت آٹا ڈسٹری بیوشن سنٹر کا اچانک دورہ کیااور شہریوں کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا ، سنٹر پر شہریوں کیلئے سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کا حکم دیا۔
آٹا تقسیم سنٹر کے دورے کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ سنٹرز پر آنے والے ہر شہری سے عزت سے پیش آیا جائے اور پراسیس جلد مکمل کیا جائے ۔بزرگ شہریوں کو بلاتاخیر آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔محسن نقوی نے شہریوں کی شکایات بھی سنیں اور فوری ازالے کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔
مرد و خواتین سے سنٹرز پر انتظامات اور آٹے کی فراہمی کے بارے میں پوچھا ۔وزیراعلیٰ نے سنٹرز پرشہریوں کی تعداد کے مطابق سہولتیں اور انتظامات بڑھانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور پنجاب حکومت کے تاریخ ساز مفت آٹا پیکیج کی خود مانیٹرنگ کر رہا ہوں۔پیکیج کی مانیٹرنگ کیلئے صوبائی وزراء اور سیکرٹریز فعال کردار ادا کر رہے ہیں ۔تسلسل کے ساتھ مانیٹرنگ سے صورتحال میں بہتری آئی ہے۔