(مانیٹرنگ ڈیسک) پی ٹی آئی رہنما شہباز گل پر بغاوت کے کیس میں فرد جرم ایک بار پھر مؤخر کردی گئی جب کہ دوران سماعت شہباز گل اور جج کے درمیان دلچسپ مکالمے ہوئے۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس نے شہباز گل کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس کی سماعت کی جس میں پی ٹی آئی رہنما عدالت میں پیش ہوئے۔
اس دوران شہباز گل نے جج سے مکالمہ کیا کہ سالگرہ مبارک ہو آپ کو ! اس پر جج نے کہا کہ مطلب اپریل فول کا میسج پہنچ گیا آپ کو۔
جج نے شہباز گل سے مکالمہ کیا کہ آپ تو بیرون ملک جارہے ہیں، اس پر پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آپ کی سالگرہ کی خوشی میں باہر جارہا ہوں۔
شہباز گل نے جج سے کہا کہ جنرل شعیب کے فیصلے پر سلام ہے آپ کو،اس پر جج نے شکریہ ادا کرتے ہوئے استفسار کیا کہ آپ کی پاکستان واپسی کب ہے؟
شہباز گل نے کہا کہ دور جانا ہے، تھوڑی مہربانی کردیں! اس پر جج نے کہا کہ آپ کوکون ساپیدل جانا ہے۔
دورانِ سماعت شریک ملزم کے وکیل نے عدالت سے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ابھی موصول نہیں ہوا، اس پر عدالت نے درخواست لکھ کر جمع کرانے کی ہدایت کی۔
بعد ازاں عدالت نے شہباز گل پر فرد جرم کی کارروائی مؤخر کرتے ہوئے سماعت 6 مئی تک ملتوی کردی۔