راؤ دلشاد:تمام افوہیں دم توڑ گئیں۔گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا استعفا منظور کرلیا۔پنجاب اسمبلی کا اہم اجلاس دو اپریل کو طلب کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گورنرپنجاب چودھری محمد سرور سے وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی ملاقات ہوئی۔ گور نر نے استعفے کی تصدیق کا قانونی عمل مکمل کرنے کے لئے وزیراعلی کو گورنرہاؤس مدعو کیا۔عثمان بزدار کی جانب سے استعفے کی تصدیق کے بعد قانونی عمل مکمل ہوا۔ جس کے بعد گورنر پنجاب نے عثمان بزدار کے استعفے کی منظوری پر دستخط کئے۔
وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد گورنر نے نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔
واضح رہے کہ نوٹیفکیشن جاری کرنے سے پہلے گورنر پنجاب نے وزیر اعظم سے حتمی اجازت لی ۔ ذرائع کے مطابق گورنر چودھری محمد سرور کو 2روزقبل عثمان بزدار کا وزارت اعلی سے استعفی موصول ہوا ۔گورنر پنجاب نےقانونی تقاضوں کا جائزہ لیکر استعفی منظور کیا ۔یاد رہے کہ عثمان بزدار نے چار روز قبل وزیر اعظم سے ملاقات میں از خود رضاکارانہ استعفی پیش کیا تھا۔
دوسری جانب حکومت اور متحدہ اپوزیشن کے درمیان سیاسی محاذ آرائی آخری حدوں کو چھو رہی ہے۔ وفاق کے بعد پنجاب میں بھی دونوں کی جانب سے نئی ٹیم تشکیل دینے کیلئے جوڑ توڑ جاری ہے۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار اور پرویز الہی کے دریان اہم ملاقات ہوئی۔ پنجاب کے 2 بڑوں کے درمیان یہ بڑی بیٹھک گورنر ہاؤس میں ہوئی جس میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق پرویز الہی نے پی ٹی آئی گروپس سے متعلق رابطوں سے آگاہ کیا۔ ا
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے الوداعی ملاقاتوں کا سلسلہ بھی شروع کررکھا ہے۔ پچھلے دو روز سے وہ درجنوں ایم این ایز اور ایم پی ایز سے ملاقاتیں کرچکے ہیں۔ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ بطور وزیراعلیٰ انہوں نے ساڑھے تین سالوں میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے۔ مصروفیت کے باعث وہ شروع کئے گئے بہت سارے منصوبوں کا سنگ بنیاد نہیں رکھ سکے۔