چئیرمین سینٹ صادق سنجرانی رہیں گے یا نہیں،  فیصلہ آگیا

1 Apr, 2022 | 12:53 PM

 ویب ڈیسک :اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے انتخاب کے خلاف یوسف رضا گیلانی کی دائر کردہ انٹرا کورٹ اپیل مسترد کردی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے فیصلہ سنایا۔اس سے قبل ہائی کورٹ نے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے خلاف یوسف رضا گیلانی کی درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے دیا تھا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل سنگل بینچ نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے ریمارکس دیے تھے کہ سینیٹ چیئرمین کے انتخاب کا پورا عمل مکمل طور پر ہائی کورٹ کی حدود سے باہر ہے اور اسی لیے یوسف رضا گیلانی کی درخواست ناقابل سماعت ہے۔

چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے خلاف دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ یوسف رضا گیلانی کے حق میں پڑنے والے ووٹ مسترد کرنے کا فیصلہ غیر آئینی ہے۔درخواست گزار کا کہنا تھا کہ سینیٹ میں پی ڈی ایم سے تعلق رکھنے والے اراکین کی اکثریت تھی، ناجائز طریقے سے چیئرمین سینیٹ کی سیٹ ہم سے چھینی گئی۔

درخواست گزار نے دعویٰ کیا تھا کہ صادق سنجرانی کو چیئرمین سینٹ بنانے کے لیے 12 مارچ کو جاری کردہ نوٹیفکیشن غیر قانونی ہے لہٰذا چیئرمین سینیٹ کے انتخابات اور صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ بنانے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

مزیدخبریں