ویب ڈیسک: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستان کی دولت باہر لوٹ کر لے جانے والے سارے لوگ عمران خان کے خلاف اکٹھا ہو گئے ہیں اور میں پاکستان کے ذمے داران سے کہنا چاہتا ہوں کہ اس ملک میں روزوں کے بعد نہ سہی تو حج کے بعد الیکشن کا اعلان کریں تاکہ لوگ فیصلہ کریں۔
راولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں کل کا دن بہت اہم ہے اور بعض چور لٹیرے ڈاکو اور پاکستان کی دولت باہر لوٹ کر لے جانے والے سارے لوگ عمران خان کے خلاف اکٹھا ہو گئے ہیں لیکن میں عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان ان چوروں اور لٹیروں کے خلاف آخری بال تک لڑے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں پیر کے دن سیاست سے ریٹائر ہونا چاہتا تھا لیکن اگر اس وقت میں عمران خان کو چھوڑوں گا تو میرا اپنا ضمیر مجھے ملامت کرے گا ورنہ ایک شخص کی زندگی میں 15، 16 وزارتیں کافی ہوتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں انتخابات کا فیصلہ فوری ہونا چاہیے تاکہ قوم فیصلہ کرے اور ایک منصفانہ انتخابات ہوں، نئے انتخابات کی اس لیے ضرورت ہے کہ وہ آدمی جو اپنے علاقوں کا ووٹ پیسوں کی خاطر بکتا ہے اور ضمیر فروشی کرتا ہے تو اس علاقے کے لوگوں کو چاہیے کہ اس کو مسترد کردیں اور دیانتدار لوگوں کو آگے لائیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ہم نے اپوزیشن کے جلسے والے دن چار لوگوں کو پکڑا ہے، ان میں محسن، اسماعیل، زعفران اور شہزاد کو پکڑا ہے جبکہ رئیس بھاگ گیا ہے، ان میں دو خودکش تھے۔ان کا کہنا تھا کہ پشاور میں دہشت گرد حملوں میں 70 افراد کو شہید کرنے والے چار دہشت گرد پولیس مقابلے میں مارے گئے۔