(شاہزیب شہزاد) دھرمپورہ سلطان پھاٹک پر شہری ٹرین کے نیچے آکر جاں بحق ، پولیس نےلاش کو مردہ خانے منتقل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق دھرم پورہ پھاٹک پرتیز رفتار ٹرین نے نوجوان شہری کو کچل دیا ،زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہری موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا،پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو مردہ خانے منتقل کر دیا ہے، تاہم لاش کی شناخت نہ کی جاسکی۔ عینی شاہدین کے مطابق جاں بحق ہونے والانوجوان اکثر پھاٹک پر بیٹھ کر نشہ کیا کرتا تھا۔
واضح رہے کہ ٹریفک حادثات کے بعد ٹرین حادثات میں بھی اضافہ ہورہا ہے، ان لرزہ خیزواقعات کا شکار یا تو نوجوان یا پھر نشے کے عادی افراد ہورہے ہیں ،ایک رپورٹ کے مطابق موجودہ دور حکومت میں محکمہ ریلوے کا 2 سال چھے ماہ اور 12 دن کے دورانیہ میں محکمہ ریلوے میں ٹرینوں کے حادثات میں ریکارڈ اضافہ ہو گیا۔ ریلوے اعداد وشمار کے مطابق 2018 سے مارچ 2021 تک ٹرینوں کے کل 434 حادثے ہوئے۔ ذرائع کے مطابق اس دوران 230 افراد جاں بحق اور 285 افراد شدید زخمی ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 100 مسافر جبکہ 121 راہ گیر اور 9 ریلوے ملازمین شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سال مسافر و گڈز ٹرینوں کے 22 حادثات ہوئے۔ جن کے نتیجہ میں 4 افراد جاں بحق اور 36 زخمی ہوئے۔ حادثات کے نتیجے میں مجموعی طور پر 4کروڑ روپے سے زائد کا مالی نقصان ہوا، مالی نقصان رولنگ اسٹاک، لوکوموٹو، پرمانینٹ وے، سگنل اور الیکٹریکل اشیاء کی خرابی کی مد میں ہوا۔
ٹرین حادثات کے باعث ریلوے کا امیج خراب ہونے سے آمدنی میں بھی ریکارڈ کمی آئی، محکمہ ریلوے رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں آمدنی کا حکومتی ہدف پورا کرنے میں ناکام رہا۔ محکمہ ریلوے کو پہلے 7 ماہ میں آمدنی کی مد میں 14 ارب 54 کروڑ 98 لاکھ 89 ہزار روپے کا خسارہ برداشت کرنا پڑا۔