جہانگیر ترین کی مشکلات میں مزید اضافہ، اہم فیصلہ کرلیا گیا

1 Apr, 2021 | 02:54 PM

Arslan Sheikh

سٹی 42: جہانگیر ترین گروپ کے بزنس اور فیملی اکاؤنٹس کا فرانزک آڈٹ کروانے کا فیصلہ، جہانگیر ترین کے جے ڈی ڈبلیو کے بزنس اور فیملی کے دس اکاؤنٹس کا فرانزک آڈٹ کروایا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق جہانگیر ترین گروپ کے بزنس اور فیملی اکاؤنٹس کا فرانزک آڈٹ کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ جے ڈی ڈبلیو کے بزنس اور فیملی کے 10 اکاؤنٹس کا فرانزک آڈٹ کروایا جائے گا۔ ایف آئی اے کے مطابق اے ٹی ایف مینگو فارم لودھراں، جے کے ڈائریز کے جہانگیر ترین مالک ہیں۔ علی ترین، رانا نسیم اور جے کے شگر ملز خانیوال کے اکاؤنٹ کا فرانزک ہو گا۔

فیصلہ کیا گیا ہے کہ جہانگیر ترین کی تینوں بیٹیوں، جہانگیر ترین کے اکاؤنٹ اور اے کے ٹی شوگر مل کا اکاؤنٹ بھی فرانزک آڈٹ کروایا جائے گا۔ جہانگیر ترین گروپ کے سی ای او رانا نسیم آج ایف آئی اے میں پیش ہوں گے۔ ایف آئی اے نے رانا نسیم کو آج طلب کررکھا ہے۔

رانا نسیم کی رہائش گاہ 76 بی ڈیفنس فیز فائیو پر نوٹس موصول کروایا گیا۔ ایف آئی اے نے رانا نسیم کو شوگرملز کے ساتھ ہونیوالے معاہدے کی تفصیلات لانے کا حکم دیا ہے جبکہ فیملی کو بیرون ملک بھیجی رقوم کی تفصیلات مانگی گئی ہیں۔

دوسری جانب شوگر ملز کی جانب سے گنے کے کاشتکاروں کو عدم ادائیگیوں کا معاملہ پر شوگر فیکٹریز کنٹرول آرڈیننس ختم ہونے پر کین کمشنر نے ملز مالکان کو عدم ادائیگیوں پر فوجداری کارروائیوں کا عندیہ دے دیا ہے۔ کین کمشنر نے کاشتکاروں سے عدم ادائیگیوں کی شکایات طلب کر لیں۔ کین کمشنر محمد زمان وٹو کا کہنا ہے کہ شوگر فیکٹریز کنٹرول آرڈیننس ختم ہونے کے باوجود شوگر ملز پر کنٹرول ہے، آرڈیننس کے عرصہ کے دوران کسانوں کو واجب الادا ادائیگیاں نہ کرنے پر فوجداری کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ شوگر ملز کو آرڈیننس کے عرصہ کے دوران کی ادائیگیاں ہر صورت کرنا ہوں گی، جن کاشتکاروں کے واجبات قابل ادا ہیں، وہ متعلقہ شوگر ملز کیخلاف کین کمشنر یا متعلقہ ڈپٹی کمشنر آفس سے فوری رجوع کریں۔

مزیدخبریں