ڈاکٹروں اور طبی عملہ کو پرسنل پروٹیکشن آلات کی فراہمی کیلئے کمیٹیاں قائم

1 Apr, 2020 | 11:00 AM

Sughra Afzal

(قیصر کھوکھر) چیف سیکرٹری نےکوروناوائرس کےمریضوں کےعلاج کیلئے تعینات ڈاکٹروں اور طبی عملہ کو پرسنل پروٹیکشن  آلات کی فراہمی کیلئے کمیٹیاں قائم کر دیں۔

صوبے میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے چیف سیکرٹری میجر (ر) اعظم سلیمان خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں آئی جی  پنجاب، کمشنر لاہور اور متعلقہ افسران نے شرکت۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب نے کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کیلئے تعینات ڈاکٹروں اور طبی عملہ کو پرسنل پروٹیکشن آلات کی فراہمی کیلئے کمیٹیاں تشکیل دے دیں، اضلاع کی سطح پر  تشکیل دی جانیوالی کمیٹی فوج اور ڈپٹی کمشنر کے نمائندہ، متعلقہ ہسپتال کے ایم ایس اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے سی ای او پر مشتمل ہوگی۔

چیف سیکرٹری نے حکم دیا کہ ڈس انفیکشن گیٹس کی تیاری اگلے دو دن میں مکمل کر لی جائے جبکہ جیلوں میں بیرکس کی ڈس انفیکشن کا عمل بھی جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبے میں دکانیں صرف صبح نو سےشام پانچ بجے تک کھولنے سے متعلق حکومتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور گرانفروشوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

آئی جی نے بتایا کہ حکومتی احکامات کے مطابق کورونا وائرس سے متعلق دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنیوالوں کی رہائی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، تاہم ذخیرہ اندوزی اور دیگر جرائم میں ملوث افراد کو رہا نہیں کیا جائے گا۔

مزیدخبریں