ڈس انفیکشن مہم، شہروں کو زونز میں تقسیم کیا جائے گا

1 Apr, 2020 | 08:35 AM

Sughra Afzal

لوئر مال (قیصر کھوکھر) بینکوں، دفاتر، آٹے کے ٹرکنگ پوائنٹس، بڑے سٹوروں پر سماجی فاصلے کے ایس او پیز پرسختی سے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ، چیف سیکرٹری نے کہاہے کہ تمام اضلاع میں ڈس انفیکشن مہم کے تحت شہروں کو زونز میں تقسیم کیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری میجر(ر) اعظم سلیمان کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں کورونا وائرس کی صورتحال، طبی آلات کی فراہمی، فیلڈ ہسپتالوں کے قیام، گندم، آٹا، چاول کی سٹاک پوزیشن، ڈس انفیکشن مہم اور انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، آئی جی پنجاب شعیب دستگیر اور متعلقہ افسر شریک ہوئے۔

  چیف سیکرٹری نے کہا کہ شہروں میں سڑکوں، مساجد اور دیگر عوامی مقامات کی صفائی اور جراثیم سے پاک کرنے کے عمل کو جلد مکمل کیا جائے۔

کمشنر لاہور نے بتایا کہ اب تک لاہور میں 372 مقامات پر سپرے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، 236 کلومیٹر سڑکوں کی دھلائی اورسپرے کیا گیا۔

 اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے میں تمام سبزی منڈیوں اور عوامی مقامات پر ڈس انفیکشن کیبن لگائے جائیں گے جبکہ فلور ملوں میں آٹے کے سٹاک کی مانیٹرنگ کے عمل کو سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

چیف سیکرٹری نے افسروں کو اشیاء کی قیمتوں کی سخت مانیٹرنگ کی بھی ہدایت کی۔

چیف سیکرٹری کا کہنا تھاکہ فیلڈ افسر آر پی اوز اور ڈی پی او کے ہمراہ جیلوں کے دورے کریں تاکہ کورونا مانیٹرنگ ممکن بنائی جا سکے۔

اجلاس میں آئی جی نے پولیس کی جانب سے کیے گئے انتظامات اور ناکہ بندی کی رپورٹ پیش کی۔

مزیدخبریں