( علی عباس ) حکومت سرکاری کمپنیوں کو فنڈز فراہم کرنے میں ناکام، پنجاب معدنیات کمپنی جرمن کمپنی کی مقروض ہوگئی، پنجاب حکومت سے ادائیگیوں کیلئے ایک ارب کی گرانٹ مانگ لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کی سرکاری کمپنیوں کو خسارے کا سامنا ہے جبکہ فنڈز کی عدم دستیابی پر متعدد کمپنیوں نے کام چھوڑ دیا ہے جس میں صاف پانی کمپنیاں سرفہرست ہیں۔ چند روز قبل پنجاب معدنیات کمپنی نے حکومت پنجاب سے گرانٹ جاری کرنے کی اپیل کی ہے کہ کمپنی کو خسارے کا سامنا ہے اور سابق دور حکومت میں چنیوٹ میں دھات کی کھدائی کیلئے جرمن کی نجی کمپنی کو ٹھیکہ دیا گیا تھا جس کی رقم واجب الادا ہے۔
کمپنی نے ادائیگیوں کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کو خط لکھا ہے جس میں ایک ارب روپے کی گرانٹ مانگی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلہ میں جرمن حکومت متعدد بار کمپنی کو رقم کی ادائیگی کیلئے خط لکھ چکی ہے۔